پنجابی کلچر ڈے پر پنجاب پولیس ثقافتی رنگ میں ڈھل گئی، سنٹرل پولیس آفس میں پنجابی کلچر ڈے کی خصوصی تقریب کا انعقاد۔
پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام کے طلباو طالبات نے ثقافتی ملبوسات میں شرکت کی۔
شرکاء کی تواضع پنجاب کے روایتی کھابوں لسی، پیڑوں، جلیبی و دیگر مٹھائیوں سے کی گئی۔
پنجابی کلچر ہماری پہچان ہے جس کا تحفظ اور پرچار بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آئی جی پنجاب
پنجابی کلچر ڈے پر سپروائزری افسران نے دفاتر میں پنجابی پگ اور ثقافتی لباس زیب تن کرکے فرائض ادا کئے ہیں۔ راؤ سردار علی خان
پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں کی علاقائی لباس اور پگ میں تصاویر سوشل میڈیا پر مقبول رہیں۔
لاہور14 مارچ -انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ پنجاب پانچ دریاؤں کی سرزمین ہے جس کے خوبصورت کلچراور دلفریب روایات کا تحفظ اور پرچار ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ حکومتی سطح پر پنجابی کلچر ڈے کومنانا ایک احسن روایت ہے اور اس دن کو منانے کا مقصد سرزمین پنجاب کی خوبصورت ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے آگے بڑھاناہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ پنجابی کلچر ڈے پر پنجاب پولیس کے تمام سپروائزری افسران نے دفاتر میں پنجابی پگ اور ثقافتی لباس زیب تن کرکے فرائض اداکرتے ہوئے پنجابی کلچر کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجابی صوفی شعراء اور بزرگان دین نے اپنی تعلیمات سے پنجاب کے کلچر کو فروغ دیا ہے اور ہمیں بھی انہی روایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی ثقافت، تہذیب و تمدن اور روایات کو آگے پھیلانا ہے۔ آئی جی پنجا ب نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے کلچر کو نہ صرف زندہ رکھتی ہیں بلکہ اسکے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بناتی ہیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ زندہ دلی، بھائی چارہ، محبت، اعلی اخلاق، مہمان نوازی اور شجاعت پنجابی کلچر کے نمایاں اوصاف ہیں اور پنجاب پولیس انہی روایات پر عمل کرتے ہوئے قوم کی جان ومال کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجابی کلچر ڈے کی مناسبت سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔
پنجابی کلچر ڈے کے موقع پر آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام کے طلباو طالبات نے ثقافتی ملبوسات میں شرکت کی۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب کامران عادل نے تقریب میں شرکت کی اور طلبا و طالبات سمیت تمام شرکاء کو پنجابی کلچر ڈے کی مبارک باددی۔ شرکاء کی تواضع پنجاب کے روایتی کھابوں لسی، پیڑوں، جلیبی و دیگر مٹھائیوں سے کی گئی۔ اے آئی جی آپریشنز ذیشان رضا نے طلبا و طالبات کے سوالات کے جوابات دئیے اور انہیں پولیس ورکنگ بارے آگاہ کیا۔ طلبا و طالبات نے پنجابی کلچر ڈے تقریب کے انعقاد اور پولیس افسران کے ساتھ مل بیٹھنے کا موقع دینے پر پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا اور اپنے علاقائی کلچر بارے گفتگو کرتے ہوئے اسکی روایات کو اجاگر کیا۔ مزید برآں پنجابی کلچر ڈے کے موقع پر پنجاب پولیس ثقافتی رنگ میں ڈھل گئی اور پولیس افسران و اہلکاروں کی علاقائی لباس اور پگ میں تصاویر سوشل میڈیا پر مقبول رہیں۔