افغانستان میں امن کا قیام خواب ہی بن گیا ۔۔دھماکوں کا سلسلہ رک نہ سکا ۔ افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں فوجی چیک پوسٹ پر خود کش حملہ کیا گیا جس میں چودہ فوجی ہلاک ہو گئے ۔۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکہ اتنا خوفناک اور زور دار تھا کہ اس کی ٓواز دور دور تک سنی گئی اور ہر طرف چیخ و پکار سنائی دی ۔
ننگر ہار کی صوبائی کونسل کے ڈپٹی ہیڈ عبید اللہ شنواری نے میڈیا کو بتایا کہ خود کش کار بم دھماکے میں 14 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ یہ اہلکار سول آرڈر فورس سے تعلق رکھتے تھے جو افغان آرمی کے ماتحت ہے۔
دوسری جانب مقامی طالبان کمانڈر نے ننگرہار فوجی چیک پوسٹ پر خودکش کار بمبار حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی اور افغان فوج شہریوں پر بمباری بند کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان طالبان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکا امن معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریوں پر بمباری کر رہا ہے جب کہ اس سے قبل پینٹاگون نے طالبان پر تشدد میں کمی نہ لا کر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔