اسکرین سے دور ہوئی تو لوگوں نے سمجھا میں نے شادی کرلی، حریم فاروق

0
20

معروف اداکارہ حریم فاروق نے کہا ہے کہ وہ جیسے ہی کچھ عرصے کے لیے اسکرین سے دور ہوئیں تو ان کی شادی کی افواہیں پھیلائی گئیں اور لوگ ان سے فون کرکے شادی سے متعلق پوچھنے لگے ہیں۔

حریم فاروق کو آخری بار ٹی وی یا فلموں میں 2019 میں دیکھا گیا تھا اور انہیں گزشتہ دو سال سے کسی بھی کردار میں نہیں دیکھا گیا، البتہ وہ ٹی وی شوز اور شوبز تقریبات میں دکھائی دیتی رہیں۔

حال ہی میں حریم فاروق نے اداکار و موسیقار گوہر ممتاز کے ہمراہ ’ٹائم آؤٹ ود احسن‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اسکرین سے دور رہنے کی وضاحت بھی کی اور ساتھ ہی بتایاکہ ان کی شادی کی افواہیں تک پھیلائی گئیں۔

حریم فاروق نے بتایا کہ وہ جلد ہی گوہر ممتاز کی پروڈیوس کردہ فلم میں دکھائی دیں گی، جس میں وہ ایک خصوصی گانے پر بھی پرفارمنس کرتی دکھائی دیں گی۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ مذکورہ گانا ’آئٹم سانگ‘ نہیں ہے، تاہم وہ فلم میں خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ جلد ہی کرکٹ پر بنائے گئے ڈرامے میں ایکشن میں دکھائی دیں گی، جس کی وہ خود شریک پروڈیوسر بھی ہیں۔

حریم فاروق نے بتایا کہ انہوں نے شوبز میں آنے کے فوری بعد ہی پروڈکشن میں آنے کا فیصلہ کرلیا تھا، تاکہ وہ صرف اداکاری پر اکتفا نہ کریں۔

ایک سوال کے جواب میں حریم فاروق نے بتایاکہ گزشتہ کچھ عرصے سے وہ اس لیے اسکرین سے غائب رہیں، کیوں کہ ان کی والدہ علیل تھیں اور انہوں نے ان کی دیکھ بھال کی۔

اداکارہ نے تصدیق کی کہ اب ان کی والدہ روبہ صحت ہیں اور انہوں نے اسکرین پر واپسی کرلی ہے۔

میزبان کی جانب سے ’منگنی‘ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر حریم فاروق نے واضح کیا کہ ان کی منگنی نہیں ہوئی، یہ سب افواہیں ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ اسکرین سے دوری کے بعد لوگوں نے سمجھا کہ شاید حریم فاروق نے شادی کرلی ہے اوربہت سارے لوگوں نے انہیں فون کرکے ان سے شادی سے متعلق پوچھا۔

حریم فاروق نے بتایا کہ ان کی منگنی اور شادی کا کوئی پروگرام نہیں ہے، تاہم اسکرین سے دوری پر نہ جانے کیوں لوگوں نے سمجھا کہ انہوں نے شادی کرلی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ علی رحمٰن صرف ان کے اچھے دوست ہیں۔

حریم فاروق کے مطابق انہوں نے اور علی رحمٰن نے یکے بعد دیگر ڈراموں اور فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے تو لوگوں کو لگتا ہے کہ وہ ہر وقت ساتھ رہتے ہیں، تاہم ایسا نہیں ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ اسکرین کے علاوہ وہ اور علی رحمٰن ہر وقت لڑتے رہتے ہیں، تاہم ساتھ ہی انہوں نے انہیں اپنا اچھا دوست بھی قرار دیا۔

اسی شو میں شریک ہونے والے موسیقار، اداکار و پروڈیوسر گوہر ممتاز نے واضح کیا کہ ان کی آنے والی فلم میں حریم فاروق نہ صرف خصوصی گانے پر پرفارمنس کریں گی بلکہ ان کا مذکورہ فلم میں مختصر کردار بھی ہوگا۔

خصوصی گانے کو ’آئٹم سانگ‘ کہنے پر گوہر ممتاز نے واضح کیا کہ وہ ’آئٹم نمبر‘ نہیں ہے اور یہ کہ وہ اس طرح کے گانے تیار ہی نہیں کر سکتے۔

انہوں نے حریم فاروق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہمیشہ سے خواہش رہی تھی کہ وہ اداکارہ کے ساتھ کام کریں۔ گوہر ممتاز کی بات پر حریم فاروق نے بھی کہا کہ پاکستانی فلموں کی ثقافت میں آئٹم سانگ شامل نہیں، اس لیے وہ جس گانے پر فلم میں پرفارمنس کریں گی وہ آئٹم نمبر نہیں بلکہ خصوصی گانا ہے۔

دونوں نے بتایا کہ ان کی مذکورہ فلم کی 80 فیصد شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور اس میں متعدد گانے شامل ہیں، تاہم دونوں نے فلم کی کہانی اور نام نہیں بتایا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here